چھوٹے بچوں کی صحت کا دھیان رکھنا (پیدائش سے 3 ماہ تک)
ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے پہلے، آپ اپنے نوزائیدہ بچے کی ڈاکٹر سے جانچ کروائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ گھر جانے کے لیے مکمل صحت مند ہے۔ ہمارے زچہ بچہ صحت مرکز میں اندراج کے بعد، آپ کے بچے کے لئے معمول کی جانچ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان ابتدائی جانچوں کا مقصد ایسی کسی بھی پیدائشی خامیوں یا دیگر اہم پیدائشی حالات کی نشاندہی کرنا ہے جس میں مزید طبی توجہ کی ضرورت ہو سکتی ہے، اور آئندہ حوالہ کے لے آپ کے بچے کی صحت کی موجودہ حالت کو ریکارڈ کرنا ہے۔ تاہم، ابتدائی جانچ کے ذریعہ پیدائشی مسائل سمیت صحت کے تمام مسائل کی شناخت نہیں ہو پاتی ہے اور کچھ بعد میں ہی ظاہر ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ عام نہیں ہے، پھر بھی نو عمر بچے (خاص طور پر نوزائیدہ بچے) بیمار ہو سکتے ہیں اور ان کی حالت بہت تیزی سے بگڑ سکتی ہے۔ اسی وجہ سے آپ کے لئے یہ جاننا اہم ہے کہ کب بغیر تاخیر کے طبی مشورے لینا ہے۔
بچوں میں سنگین بیماری کے اشارے درج ذیل ہیں جنہیں والدین کو ملحوظ رکھنا چاہئے اور مناسب قدم اٹھانا چاہئے:
غنودگی اور نیند
نوزائیدہ بچے اپنا زیادہ تر وقت سونے میں گزارتے ہیں۔ تاہم، مناسب یہ ہے کہ آپ کا بچہ ہر چند گھنٹوں کے بعد جاگے، اچھی طرح سے کھانا کھائے اور جاگتے وقت مطمئن اور چوکس نظر آئے۔ اگر اس کے معمول میں اچانک کوئی تبدیلی آجائے تو آپ کو خاص طور پر محتاط ہو جانا چاہئے- یہ کسی سنگین بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔ اگر وہ بہت تھکا ہوا یا نیند میں رہتا ہے یا شاذ و نادر ہی چست رہتا ہے اور کھا نے کے لئے بیدار نہیں ہوتا ہے، تو آپ اپنے بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔
سانس لینے میں دشواری
نوزائیدہ بچے عام طور پر فی منٹ 20 سے 40 مرتبہ سانس لینے کے معمول کو اپنانے میں کچھ گھنٹے لیتے ہیں۔ بچے کی سانس عام طور پر سونے کے وقت سب سے زیادہ با قاعدہ ہوتی ہے۔ کبھی کبھار جب نیند سے بیدار ہو تو ممکن ہے کہ کچھ وقت کے لئے تیزی سے سانس لے اور پھر معمول پر واپس آجائے۔
آپ اپنے بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جائیں اگر آپ کو یہ محسوس ہو کہ:
- وہ مستقل بہت تیزی سے سانس لے رہا ہے، یعنی ساٹھ سے زیادہ سانسیں فی منٹ لے رہا ہو جب اس کی عمر دو ماہ سے کم ہو یا پچاس سے زیادہ سانسیں فی منٹ لے رہا ہو جب اس کی عمر 2 سے 3 ماہ ہو۔
- ایسا لگے کہ بچے کو سانس لینے میں محنت لگ رہی ہے اور وہ دودھ چوسنے سے قاصر ہے
- ایسا لگے کہ سانس اندر لیتے وقت بچے کی ناک پھڑک رہی ہے
- بچے کی جلد اور ہونٹ نیلے یا سیاہ مائل ہوں
گردش کا مسئلہ
بسا اوقات سرد ماحول میں ممکن ہے کہ نوزائیدہ بچوں کے ہاتھ پاؤں نیلے پڑ جائیں لیکن گرم ہوتے ہی وہ گلابی ہوجاتے ہیں۔ ممکن ہے کہ زور سے رونے کے دوران کبھی کبھار جب بچے اپنی سانس کچھ پل کے لئے روک لیں، تو ان کا چہرہ، زبان اور ہونٹ تھوڑا سا نیلا پڑ جائے آپ کو اس وقت تک پریشان ہونے کی ضرورت نہیں جب تک کہ پرسکون ہونے کے بعد، ان حصوں کے رنگ جلدی سے معمول پر واپس آ جاتے ہوں۔ تاہم، اگر آپ کا بچہ اچانک اور بار بار زرد پڑ جاتا ہو یا بیشتر عضو نیلا پڑ جاتا ہو، تو اس کے دل یا پھیپھڑوں میں مسئلہ ہو سکتا ہے۔ فوری طور پر طبی توجہ کی ضرورت ہے۔
ہائیڈریشن کی حالت
بچے آسانی سے اور جلدی پانی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے بچے کے اندر کافی مقدار میں سیال چیز موجود ہو، بطور خاص جب اسے قے اور دست ہو رہا ہو۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران دودھ کی مقدار کا حساب لگائیں اور اس کے معمول کی مقدار کے ساتھ موازنہ کریں۔ اگر آپ اپنے بچے کو چھاتی کا دودھ پلا رہی ہیں، تو چستی کے ساتھ دودھ چوسنے کی تعداد اور مدت کو نوٹ کریں اور اس کے دودھ پینے کی عام عادت سے موازنہ کریں۔ بچے اپنی افزائش اور نشوونما کی ضرورت کے مطابق دودھ کی مقدار کو ایڈجسٹ کرتے ہیں۔ آپ "بوتل سے دودھ پلانے کے لئے گائیڈ" کتابچے میں "ایک بچے کو ایک دن میں کتنا دودھ درکار ہوتا ہے" کے سیکشن کو بطور حوالہ دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو یقین نہیں ہے کہ آیا آپ کا بچہ مناسب طریقے سے کھانا کھا رہا ہے، تو آپ کو زچہ بچہ ہسپتال یا کسی بھی MCHC سے مشورہ لینا چاہئے۔ آپ اپنے بچے کے پیشاب کو دیکھ کر سیال کی مقدار کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ 24 گھنٹوں کے دوران نمایاں طور پر کم پیشاب کرے، مثلا: نوزائیدہ بچے کے پہلے ہفتہ کے آخر تک اچھی طرح سے بھیگے ہوئے 6 کلوٹ سے کم، تو اسے پانی کی کمی کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ آپ اپنے بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔
سوجا ہوا پیٹ
زیادہ تر بچوں کے پیٹ میں تھوڑی بہت سوجن ہوتی ہے خاص طور پر زیادہ کھانے کے بعد، لیکن خوراکوں کے درمیان اسے نرمی محسوس ہونا چاہئے بطور خاص جب بچہ سو رہا ہو۔ اگر اس کا پیٹ مستقل طور پر سوجا ہوا اور سخت ہو اور اسی وقت میں اس نے ایک دن یا اس سے زیادہ وقت تک پاخانہ نہ کیا ہو یا ریاح خارج نہ ہوئی ہو، یا بار بار قے ہو رہی ہو تو، آپ اسے ڈاکٹر کے پاس لے جائیں کیونکہ اس سے اس کی آنتوں میں کوئی سنگین مسئلہ ہو سکتا ہے۔
بخار
جب بھی آپ کا بچہ غیر معمولی طور پر کمزور یا گرم دکھائی دے تو اس کا درجہ حرارت ناپیں۔ بغل کا درجہ حرارت لینا ایک محفوظ طریقہ ہے اور خاص طور پر 3 ماہ سے کم عمر بچوں کے لئے اس کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اگر بغل کا درجہ حرارت 99.1ºF/37.3ºC یا کان کا درجہ حرارت 100.4ºF/38ºC سے زیادہ ہے تو آپ اسے ڈاکٹر کے پاس لے جائیں کیونکہ اس سے انفیکشن کا اشارہ ملتا ہے۔ ابتدائی طبی توجہ ضروری ہے کیونکہ چھوٹے بچوں کی حالت بہت جلد خراب ہو سکتی ہے۔
آپ اپنے ڈاکٹروں سے فوری طور پر ملیں اگر آپ کا بچہ
- پیلا، گرم اور غنودگی میں دکھائی دیتا ہے
- سست رہتا ہے یا ضرورت سے زیادہ روتا ہے
- سبز رنگ کی یا خون آلود قے کرتا ہے
- الکل نہیں کھاتا یا بھوک میں ڈرامائی تبدیلی ہو گئی ہے
- تو بچے کو اچانک دورہ ہے
- مستقل طور پر بہت تیزی سے سانس لینا یا سانس لینے کی کوشش کرنا
- 15 سیکنڈ یا اس سے زیادہ دیر تک سانس لینا روک دیتا ہے