نوزائیدہ یرقان
نوزائیدہ یرقان بچوں میں ایک عام بیماری ہے جس کی وجہ سے جلد اور آنکھوں کی سفیدی زرد ہوجاتی ہے۔ یہ خون میں بائیلروبن نامی قدرتی مادے میں اضافے کی وجہ سے ہوتا ہے۔
بچوں کو یرقان کیوں ہوتا ہے؟
پیدائش کے بعد، بچوں کو بہت زیادہ خون کے سرخ خلیوں کی ضرورت نہیں ہوتی ہے جیسا کہ مرحلہ جنین میں ہوتا ہے۔ خون کے یہ سرخ خلیے ٹوٹ جاتے ہیں اور خون میں بائلروبن خارج ہوتا ہے۔ نوزائیدہ بچے کا جگر اتنا پختہ نہیں ہوتا ہے کہ وہ اضافی بائلروبن کو سنبھال سکیں، اس طرح ان کے خون میں بائلروبن پیدا ہونے کا سبب بنتا ہے۔
یرقان کب ظاہر ہوگا اور کب ختم ہوگا؟
یرقان عام طور پر زندگی کے دوسرے یا تیسرے دن ظاہر ہوتا ہے اور جب اس کا جگر بائلروبن پروسیسنگ میں زیادہ موثر ہوتا ہے تو اسے کم ہونے میں تقریبا دو سے تین ہفتے لگتے ہیں۔
کیا یرقان میرے بچے کو نقصان پہنچا سکتا ہے؟
بیشتر صحتمند بچوں میں نوزائیدہ یرقان سنگین مسئلہ نہیں ہے۔ تاہم، بائلروبن کی اعلی سطح خطرناک ہو سکتی ہے اور کچھ بچوں کے دماغ کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
کچھ بچوں میں بائلروبن کی اعلی سطح کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے:
- مدت حمل پوری ہونے سے پہلے پیدا ہوئے ہوں
- اچھی طرح سے کھانا نہیں کھا رہے ہوں
- گلوکوز 6 فاسفیٹ ڈی ہائیڈروجینز کی کمی ہو
- بلڈ گروپ ماں سے مختلف ہو
- کوئی انفیکشن ہو
اگر میرا بچہ یرقان کا شکار ہو تو میں کیا کر سکتا ہوں؟
- پانی کی کمی کو روکنے کے لئے اپنے بچے کو مناسب کھانا کھلانا یقینی بنائیں۔ آپ خارج شدہ پیشاب اور براز کی یومیہ مقدار سے بتا سکتے ہیں۔
(تفصیلات کے لئے، براہ کرم"بوتل سے دودھ پلانے کے متعلق رہنما: کیا میرا بچہ اچھی طرح کھا رہا ہے "ملاحظہ کریں۔)
- چونکہ زندگی کے ابتدائی چند دنوں میں بائلروبن کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے، لہذا اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے فورا بعد ہی بچے کو تشخیص مرض کے لئے مرکز برائے زچگی اور صحت اطفال یا اپنے فیملی ڈاکٹر / ماہر امراض اطفال کے پاس لے جائیں۔
- ڈاکٹر بچے کی صورتحال پر نظر رکھے گا۔ اگر ضرورت ہو تو، بچوں کو علاج کے لئے اسپتال بھیج دیا جائے گا۔
کیا یرقان کا علاج ضروری ہے؟
- اکثر یرقان کے شکار بچوں کو علاج کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ جیسے ہی بچوں کا جگر پختہ ہوگا یرقان خود بخود ختم ہوجائے گا۔
- اگر بائلروبن کی سطح بہت زیادہ ہے یا بہت تیزی سے بڑھ رہا ہو تو، آپ کے بچے کو اسپتال میں فوٹو تھراپی کی ضرورت ہوگی۔
کیا دھوپ سینکنا یرقان کو کم کرنے میں معاون ہے؟
نوزائیدہ یرقان کا علاج کرنے کے لئے دھوپ سینکنا مناسب طریقہ نہیں ہے۔ یرقان کا علاج طبی نگرانی میں ہونا چاہئے۔
اگر میرے بچے کو یرقان ہو، تو کیا میں اپنے بچے کو دودھ پلانا جاری رکھ سکتی ہوں؟
- آپ اپنے بچے کو دودھ پلانا جاری رکھ سکتی ہیں۔ تمام نوزائیدہ بچوں کو یرقان ہو سکتا ہے خواھ وہ ماں کا دودھ پی رہے ہوں یا فارمولا دودھ۔
- بشرطیکہ آپ کا بچہ ماں کا دودھ بہت پیتا ہو، جیسا کہ مناسب مقدار میں پیشاب اور براز کے ساتھ ساتھ عام وزن سے ظاہر ہے، لہذا اس کی کوئی ضرورت نہیں کہ ماں کا دودھ پلانا بند کریں یا فارمولا دودھ شامل کریں۔
(تفصیلات کے لئے، براہ کرم"دودھ پلانا: آپ کو کیسے پتہ چلے گا کہ بچے کو کافی دودھ مل رہا ہے؟"ملاحظہ کریں۔)
- ماں کا دودھ پینے والے کچھ بچوں کا یرقان تھوڑا لمبے وقت تک باقی رہ سکتا ہے اور عام طور پر دو سے تین ماہ کے اندر اندر ختم ہو جاتا ہے۔ اس کو "بریسٹ ملک یرقان" کہا جاتا ہے جو معمولی ہوتا ہے اور اس سے بچے کی صحت کو کوئی نقصان نہیں ہوتا ہے۔ فارمولا دودھ کی طرف منتقل ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
میرے بچے کا یرقان ختم نہیں ہو رہا ہے، میں کیا کر سکتا ہوں؟
- اگر یرقان دو سے تین ہفتوں تک برقرار رہتا ہے یا بچے کا براز پیلا ہو جاتا ہے تو، بچے کو ابتدائی طبی مشاورت کے لئے لائیں یا چیک اپ کے لئے مرکز برائے زچگی اور صحت اطفال سے رجوع کریں۔
- جگر یا صفراوی پریشانیوں کو مسترد کرنے کے لئے مزید جانچ کے واسطے بچے کو پیڈیاٹرک ماہرین سے رجوع کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
گلوکوز 6 فاسفیٹ ڈی ہائیڈروجینز (G6PD) کی کمی کیا ہے؟ مجھے کیسے پتہ چلے گا کہ میرے بچے میں گلوکوز 6 فاسفیٹ ڈی ہائیڈروجینز (G6PD) کی کمی ہے؟
- G6PD کی کمی ایک موروثی کیفیت ہے۔
- جب G6PD کی کمی کے شکار بچے فوا بین، مخصوص دواؤں یا چینی جڑی بوٹیوں سے بنی دواؤں، ناف تھیلین پر مشتمل مصنوعات وغیرہ کے سامنے آجاتے ہیں تو، خون کے سرخ خلیوں کی بڑی مقدار ٹوٹ جاتی ہے جس کے نتیجے میں شدید یرقان ہو جاتا ہے۔
- ہانگ کانگ کے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں میں G6PD کی کمی کے لئے ناڑ کے خون کی جانچ ہوتی ہے۔ بچے میں G6PD کی کمی کا پتہ چلنے پر عام طور پر اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے پہلے والدین کو مطلع کیا جائے گا۔