بچے کی نشوونما 3 – –1 سے 3 ماہ

(مواد کا اعادہ کیا گیا 12/2019 میں)

دوسرے مہینے میں داخل ہونے پر، آپ کو شاید پہلے مہینے کے مقابلے میں اپنے بچے میں فرق محسوس ہوگا۔ اب وہ سونے میں کم وقت صرف کرتا ہے اور اپنے گردونواح میں زیادہ دلچسپی لیتا ہے۔ وہ لوگوں کی آوازیں اور باتیں سنے گا۔ جب آپ اس کے ساتھ کھیلیں گی تو وہ آپ کی طرف دیکھے گا اور آپ کی مسکراہٹ کا جواب دے گا۔ اس کی نقل و حرکت ہموار، زیادہ بامقصد اور مربوط ہوگی۔

تیسرے مہینے کے اختتام تک، آپ کا بچہ اس بات کے قابل ہو جائے گا کہ وہ:

نقل وحرکت کرے

  • ہموار، زیادہ منظم اور بہتر جسمانی حرکات کے ساتھ گھومے
  • پیروں کو سیدھا کرے اور زیادہ طاقت سے لات مارے
  • جب پیٹ کے بل پڑا ہوا ہو تو سر اور سینے کو اٹھائے اور دونوں بازوؤں سے اپنے جسم کو سہارا دے
  • جب بیٹھنے کی پوزیشن میں ہو تو سر کافی مضبوطی سے اوپر اٹھائے
  • زیادہ تر وقت ہاتھوں کو کھلا رکھے
  • اس کی ہتھیلی میں پکڑ دھکڑ ہو
  • اپنا ہاتھ اپنے منہ کے پاس لائے اور چوسے
  • دونوں ہاتھوں کو ایک ساتھ کرے اور اپنی انگلیوں سے کھیلے
  • اپنے جسم یا بازوؤں سے لٹکی ہوئی چیزوں کو مارنے کی کوشش کرے

بصارت

  • اپنی آنکھوں سے ماحول کو دریافت کرے
  • انسانی چہروں، خصوصا والدین کے چہرے کو بغور دیکھے
  • (کئی فٹ یا 1 سے 2 میٹر) کے فاصلے پر موجود واقف افراد کو پہچانے اور نگاہ سے اس کا پیچھا کرے
  • گھومتی ہوئی چیزوں کا پیچھا کرنے کے لئے اپنے سر اور آنکھوں کو ایک طرف سے دوسری طرف پھیرے
  • اپنے ہاتھوں کو دیکھے اور اس سے کھیلے

سماعت اور گویائی

  • اپنا سر آواز کی سمت کی طرف موڑے، جیسے ماں کی آواز کی طرف
  • موسیقی سنے
  • واقف آوازوں، خاص طور پر ماں کی آواز پر مسکرائے
  • کچھ آوازوں کی نقل کرنا شروع کر دے
  • مختلف آوازوں جیسے: "آہ"، "اوہ" کو کوکو کرنا یا ادا کرنا شروع کر دے"

سماجی ترسیل

  • سماجی مسکراہٹ کو رابطہ کے ذرائع کے طور پر استعمال کرے، خاص کر واقف افراد کے ساتھ
  • اپنی جانب ہونے والے بڑوں کے چہرے کے تاثرات کی تقلید کرے
  • رونے، کو کو کرنے، چہرے کے مختلف تاثرات اور جسمانی حرکت کے ذریعہ اپنے احساسات اور ضروریات کو بتائے
  • جب اس کے ساتھ کھیلا جائے تو وہ اٹکھیلیاں کرے اور جب کھیل بند ہو جائے تو رونے لگے

نوزائیدہ بچوں کی نشوونما کے لئے سہولت فراہم کرنا

اس مرحلے پر اسے محفوظ محسوس کرنے کے لئے بار بار یقین دہانی کی ضرورت ہے۔ تحفظ کے اس احساس کو قائم کرنے میں اس کی مدد کرنے سے، آہستہ آہستہ اس کا اعتماد اور بھروسہ بڑھے گا جو اسے آپ سے الگ ہونے اور مستقبل میں ایک خود مختار اور پراعتماد شخص بننے کی اجازت دے گا۔

آپ کیا کر سکتے ہیں:
  • اس کی ضروریات کا جواب دیں
  • اسے آغوش میں لے کر اٹھائیں
  • اس سے بات کریں اور گائیں
  • بستر پر پڑنے کے علاوہ مختلف پوزیشنوں سے اسے ماحول اور کھلونوں کو اپنی نگاہ سے دیکھنے دیں۔ اسے اسکے پیٹ کے بل رکھیں (کسی بڑے کی نگرانی میں) اس سے اسکی گردن کے عضلات کو مضبوط بنانے میں مددملتی ہے۔ جب وہ اپنے سر کو اچھی طرح سہارا دے سکتا ہو تو، اسے باہر کا سامنا کرتے ہوئے اٹھائیں تاکہ جب آپ چلیں تو وہ ارد گرد پر نظر ڈال سکے۔
کھلونے جو آپ منتخب کر سکتے ہیں:
  • بچے کی گرفت کے وقت بجتا ہو
  • روشن رنگ کے موبائل
  • بچے کو دیکھنے اور اس تک پہنچنے کی کوشش کرنے کے لئے کھلونے یا نہ ٹوٹنے والا آئینہ جو پٹی کے کنارے سے منسلک ہوں
  • میوزک باکس یا کمپیکٹ ڈسکس سے نرم موسیقی

مذکورہ بالا معلومات آپ کے بچے کی نشوونما کے مطابق ہونے والی متوقع تبدیلیوں کا عمومی خیال پیش کرتی ہے۔ ہر بچہ انوکھا ہوتا ہے اور ترقی کی رفتار میں وسیع پیمانے پر تغیرات اکثر معمول کے ہوتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ تھوڑا مختلف وقت لیتا ہے یا کسی مرحلے میں کچھ خاص صلاحیت حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو آپ گھبرائیں نہیں۔ یہ صرف زیادہ توجہ کی ضرورت کا اشارہ کر سکتا ہے۔

ڈاکٹروں یا نرسوں سے مشورہ کریں، اس مدت کے اختتام تک، اگر آپ کا بچہ

  • دیکھ بھال کرتے وقت بے قابو یا بہت سخت دکھائی دیتا ہو
  • جب پیٹ کے بل پڑا ہو تو وہ زیادہ حرکت نہ کرتا ہو اور عارضی طور پر اپنے سر کو سہارا نہ دیتا ہو
  • ہر وقت اپنے ہاتھ کی مٹھی بنا کر رکھتا ہو اور اپنے ہاتھ میں گھنگھنے نہ تھامتا ہو
  • خود اپنے ہاتھوں کو نہیں دیکھتا ہو
  • قریب میں حرکت کرتی ہوئی چیزوں کا اپنی آنکھوں سے پیچھا نہ کرتا ہو
  • بلند آواز کا جواب نہ دیتا ہو
  • کوئی آواز نہیں نکالتا ہو
  • آپ کی آواز یا چہرے کے جواب میں مسکراتا نہیں ہو

اگر آپ کو کوئی خدشات یا سوالات ہیں تو، کسی بھی MCHC میں نرسوں اورڈاکٹروں، یا اپنے فیملی ڈاکٹر / بچوں کے معالج سے مشورہ کریں۔

ہمارے پاس متوقع والدین، بچوں کے والدین اور پری اسکول بچوں کے والدین کے لئے کامیاب پیرنٹنگ ورکشاپ اور کتابچے کا ایک سلسلہ ہے۔ معلومات کے لئے براہ کرم ہمارے ہیلتھ کیئر عملہ سے رابطہ کریں۔